زبُور 7
داؤد کا ایک جذبا تی نغمہ جسے اُس نے خداوند کے لئے گایا۔ یہ جذ باتی نغمہ بنیمنی خاندان کے کوش کے بیٹے ساؤل کے بارے میں ہے
1 اے خداوند میرے خدا، مجھے تجھ پر بھروسہ ہے۔
اُن لوگوں سے تو میری حفا ظت کر جو میرے پیچھے پڑے ہیں۔ مجھ کو تو بچا لے۔
2 اگر تو میری مدد نہیں کرتا تو میری “درگت” اُس جانور کی سی ہو گی جسے کسی شیر بّبر نے پکڑ لیا ہے۔
وہ مجھے گھسیٹ کر دور لے جا ئے گا۔ کو ئی بھی شخص مجھے نہیں بچائے گا۔
3 اے خداوند میرے خدا! کو ئی بھی بُرا عمل کرنے کا میں مجرم نہیں ہوں۔
میں نے تو کو ئی بدی نہیں کی۔
4 میں نے اپنے احباب کے ساتھ بُرا نہیں کیا۔
اور اپنے دوست کے دشمنوں کی بھی میں نے مدد نہیں کی۔
5 اگر یہ سچ نہیں ہے تو مجھے سزا دے۔
دشمن کو میرا تعاقب اور قتل کر نے دے۔
اُسے میری زندگی کو زمین پر روندنے دے اور میری روح کو گندگی میں ڈھکیلنے دے۔
6 اے خداوند اُٹھ، تو اپنا قہر ظاہر کر۔
میرا دشمن بہت غضبناک ہے ، پس کھڑا ہو جا اور اُس کے خلاف جنگ کر۔
اے خداوند میرے لئے اُٹھ کھڑا ہو اور انصاف کا تقاضا کر۔
7 اے خداوند! لوگوں کا فیصلہ کر۔
تو اپنے چاروں طرف قوموں کو جمع کر۔ اور ان کا فیصلہ کر۔
8 اے خداوند! میرا انصاف کر اور ثابت کر کہ میں صحیح ہوں۔
یہ یقین دلا دے کہ میں بے گناہ ہوں۔
9 شریروں کے بُرے کاموں کا خاتمہ کر
اور نیک لوگوں کو طاقتور بنا۔
اے خدا ! تو اچھا ہے۔
تو بھیدوں کو جانتا ہے۔ تو لوگوں کے دلوں میں جھانک سکتا ہے۔
10 جن کا دل صادق ہے خدا ا ن لوگوں کی مدد کرتا ہے۔
اِس لئے وہ میری حفاظت کرے گا۔
11 خدا راستباز مُنصف ہے۔
وہ ہمیشہ بُرا ئی کی مُذمت کرتا ہے۔
12 اگر خدا کو ئی فیصلہ لیتا ہے تو پھر وہ اپنا ارادہ نہیں بدلتاہے۔
13 وہ لوگوں کو سزا دینے کی طاقت رکھتا ہے۔
وہ موت کا سبھی سامان اپنے ساتھ رکھتا ہے۔
14 کچھ لوگ ایسے ہو تے ہیں جو سدا شرارت کے منصوبے بنا تے ہیں۔
وہ پو شیدہ منصوبے بنا تے ہیں اور جھُوٹ بولتے ہیں۔
15 وہ دوسرے لوگوں کو جال میں پھا نسنے اور نقصان پہنچا نے کی کو شش کر تے ہیں۔
مگر اپنے ہی جال میں پھنس کر نقصان اٹھا تے ہیں۔
16 وہ اعمال کے مطا بق سزا پا ئیں گے۔
اس لئے انہیں اسی طرح کی سزا ملے گی
جیسا انہوں نے دوسروں کے ساتھ ظلم کیاہے۔
17 میں خدا کی وفا داری کے لئے تعریف کرتا ہوں
اور میں خداوند قادِر مطلق کے نام کی ستائش کا گیت گاؤں گا کیونکہ وہ عظیم ہے۔