9
1 دریا ئے یردن کے مغرب کے سبھی بادشاہوں نے اُن واقعات کے بارے میں سنا۔ یہ سب حتّی ، اموری ، کنعانی ،فرزّی، حوّی اور یبوسی لوگوں کے بادشاہ تھے۔ وہ لوگ ان لوگوں کے پہا ڑی ملک کے میدانوں کے اور بحرِ روم کے پو رے ساحلی علاقوں سے لبنان تک کے سلطنتوں پر حکومت کئے۔
2 وہ تمام بادشاہ ایک ساتھ جمع ہو ئے انہوں نے یشوع اور بنی اسرا ئیلیوں کے ساتھ جنگ کا منصوبہ بنا یا۔
3 جِبعون کے لوگوں نے اس طریقے کے بارے میں سنا جس سے یشوع نے یریحو اور عی کو شکست دی تھی۔
4 اِس لئے ان لوگوں نے بنی اسرائیلیوں کو بے وقوف بنانے کا تہیّہ کر لیا۔ ان کا منصوبہ یہ تھا : انہوں نے شراب کے چمڑے کے دراڑ دار اور پھٹے ہوئے ان پرانے تھیلوں کو اپنے جانوروں پر لادا۔ انہوں نے اپنے جانوروں پر پُرانی بوریاں بھی لاد لیں۔ ان لوگوں نے ایسا اس لئے کیا تا کہ دکھا ئی دے کہ وہ بہت دور سے سفر کر کے آرہے ہیں۔
5 لوگوں نے پرانے جوتے پہن لئے اُن لوگوں نے پرانے لباس پہن لئے۔ ان مردوں نے پرانی سوکھی خراب روٹیاں لیں اس طرح وہ سبھی مرد ایسے معلو م ہو تے تھے جیسے وہ سب بہت دور کے ملک سے سفر کر کے آ رہے ہیں۔
6 تب یہ لوگ بنی اسرائیلیوں کے خیمہ کے پاس گئے یہ خیمہ جلجال کے پاس تھا۔
وہ لوگ یشوع کے پاس گئے اور انہوں نے اس سے کہا ، “ہم لوگ بہت دور کے ملک سے آئے ہیں ہم لوگ تمہارے ساتھ امن کا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔”
7 بنی اسرائیلیوں نے ان حوّی لوگوں سے کہا ، “ہو سکتا ہے کہ تم ہمیں دھو کہ دینے کی کو شش کر رہے ہو یا تم ہمارے قریب کے ہی رہنے والے ہو۔ ہم اس وقت تک امن معاہدے کی امید نہیں کر سکتے جب تک ہم یہ نہ جان لیں کہ تم کہاں سے آئے ہو۔ ”
8 حوّی لوگوں نے یشوع سے کہا ، “ہم آپ کے خادم ہیں۔” لیکن یشوع نے پو چھا ، “تم کون ہو ؟ تم کہاں سے آئے ہو ؟”
9 آدمیوں نے جواب دیا ، “ہم آپ کے خادم ہیں ہم بہت دور کے ملک سے آئے ہیں۔ ہم اس لئے آئے ہیں کہ ہم نے خدا وند تمہارے خدا کی عظیم طاقت کے بارے میں سنا ہے۔ ہم لوگوں نے یہ بھی سنا ہے جو اس نے کیا ہے۔ ہم لوگوں نے وہ سب کچھ سنا ہے جو اس نے مصر میں کیا۔
10 اور ہم لوگوں نے یہ بھی سنا کہ اس نے دریائے یردن کے مشرق میں اموری لوگوں کے دو بادشاہوں کو شکست دی۔ یہ سب بادشاہ تھے سیحون، حسبون کا بادشاہ اور عوج ، بسن کا بادشاہ جو کہ عستارات میں رہتے تھے۔
11 اس لئے ہمارے بزرگ ( قائدین ) اور ہمارے لوگوں نے ہم سے کہا ، ’ اپنے سفر کے لئے مناسب کھانا رکھ لو جاؤ اور بنی اسرائیلیوں سے باتیں کرو۔ ان سے کہو ، “ہم آپ کے خادم ہیں ہم لوگوں کے ساتھ امن کا معاہدہ کرو۔ ”
12 “ہماری روٹیاں دیکھو جب ہم لوگوں نے گھر چھو ڑا تو یہ گرم اور تازہ تھیں لیکن اب آپ دیکھتے ہیں کہ یہ سوکھی اور پرانی ہیں۔
13 ہم لوگوں کی مشکوں کو دیکھو جب ہم لوگوں نے گھر چھوڑا تو یہ نئی اور شراب سے بھری تھیں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اب یہ پھٹی اور پرانی ہیں۔ ہمارے کپڑوں اور چپلوں کو دیکھو آپ دیکھ سکتے ہیں کہ طویل سفر نے ہماری چیزوں کو خراب کر دیا ہے۔ ”
14 بنی اسرائیل جاننا چاہتے تھے کہ کیا یہ سب آدمی سچ کہہ رہے ہیں اس لئے انہوں نے روٹیوں کو چکھا لیکن انہوں نے خدا وند سے نہیں پو چھا کہ انہیں کیا کرنا چاہئے۔
15 یشوع نے ان کے ساتھ امن کا معاہدہ کیا۔ اس نے انہیں رہنے کی بھی اجاز ت دی۔ اسرائیل کے قائدین نے یشوع کے اقرار نا مہ کو منظور کیا اور وہ لوگ ان لوگوں کے سامنے اسے ثابت کر نے کے لئے حلف لئے۔
16 تین دن بعد بنی اسرائیلیوں کو معلوم ہوا کہ جبعون کے لوگ انکی چھاؤنی کے بہت قریب رہتے ہیں۔
17 اس لئے بنی اسرائیل وہاں گئے جہاں وہ لوگ رہتے تھے۔ تیسرے دن بنی اسرائیل جبعون ، کفیرہ ، بیروت ، قریت یعریم کو آئے۔
18 لیکن اسرائیل کی فوج نے ان شہروں کے خلاف لڑ نے کا ارادہ نہیں کیا۔ وہ ان لوگوں کے ساتھ امن کا معاہدہ کر چکے تھے۔ انہوں نے ان لوگوں کے ساتھ اسرائیل کے خدا وند خدا کے سامنے وعدہ کیا تھا۔
سب لوگوں نے ان قائدین کے خلاف جنہوں نے معاہدہ کیا تھا شکایت کی۔
19 لیکن قائدین نے جواب دیا ، “ہم لوگوں نے وعدہ کیا ہے ہم نے اسرائیل کے خدا وند خدا کے سا منے حلف لیا ہے۔ اس لئے اب ہم ان کے خلاف نہیں لڑ سکتے۔
20 ہم لوگوں کو ان لوگوں سے ایسا سلوک کرنا چاہئے : ہم لوگوں کو انہیں زندہ رہنے دینا چا ہئے۔ ہم لوگ انہیں نقصان بھی نہیں پہونچا سکتے۔ کیوں کہ اگر ان کے ساتھ کئے گئے وعدہ توڑ تے ہیں جو ہم لوگوں نے ان کے ساتھ کئے تھے تو خدا وند کا غصہ ہم لوگوں کے خلاف ہو گا۔
21 اس لئے انہیں زندہ رہنے دو۔ لیکن وہ لوگ ہمارے خادم ہونگے۔ وہ ہما رے لئے لکڑیاں کاٹیں گے اور ہمارے سب لوگوں کے لئے پانی لائیں گے” اس طرح قائدین نے ان لوگوں کے ساتھ کئے گئے امن کے وعدہ کو نہیں توڑا۔
22 یشوع نے جبعونی لوگوں کو بلایا اس نے پو چھا ،“تم لوگوں نے ہم سے جھوٹ کیوں کہا۔ تمہارا ملک ہم لو گوں کی چھاؤنی کے پاس تھا۔ لیکن تم لوگوں نے کہا کہ ہم لوگ بہت دور کے ملک سے آئے ہیں۔
23 اب تمہارے لوگوں کو بہت تکلیف ہو گی تمہارے سب لوگ غلام ہونگے انہیں ہمارے خدا کے گھر کے لئے لکڑیاں کاٹنی پڑیں گی اور پانی لانا پڑیگا۔ ”
24 جبعونی لوگوں نے جواب دیا ، “ہم لوگوں نے آپ سے جھوٹ کہا کیوں کہ ہم لوگوں کو ڈر تھا کہ آپ کہیں ہمیں مار نہ ڈالیں۔ ہم لوگوں نے سنا کہ خدا وند تمہارے خدا نے اپنے خادم موسیٰ کو یہ حکم دیا تھا کہ وہ تمہیں یہ سارا ملک دیدے۔ خدا نے تم سے یہاں رہنے والے تمام لوگوں کو مار ڈالنے کا بھی حکم دیا تھا۔ اس لئے ہم لوگوں کو اپنی جان کا خوف ہوا۔ یہی وجہ تھی کہ ہم لوگوں نے آپ سے جھوٹ کہا۔
25 اب ہم آپ کے خادم ہیں آپ ہمیں جس طرح چاہیں استعمال کر سکتے ہیں۔ ”
26 اس طرح جبعون کے لوگ غلام ہو گئے لیکن یشوع نے ان کی زندگی بچا ئی۔ یشوع نے بنی اسرائیلیوں کو انہیں مارنے نہیں دیا۔
27 یشوع نے جبعون کے لوگوں کو بنی اسرائیلیوں کا غلام بننے دیا۔ وہ بنی اسرائیلیوں اور خدا وند کے منتخب کر دہ کسی بھی جگہ کی قربان گاہ کے لئے لکڑی کاٹتے اور پانی لاتے تھے وہ لوگ اب تک غلام ہیں۔