17
1 خدا وند نے موسیٰ سے کہا !
2 “ہارون ، اسکے بیٹوں اور سبھی بنی اسرائیلیوں سے کہو کہ خدا وند نے یہ حکم دیا ہے :
3 اگر کوئی اسرائیلی شخص کسی بیل یا میمنہ یا بکرے کو چھاؤنی میں یا چھاؤنی کے باہر ذبح کرتا ہے ،
4 تو اس شخص کو اُس جانور کو خیمہٴ اجتماع کے دروازے پر خدا وند کو تحفہ کے طور پر پیش کرنے کے لئے لانا چاہئے ورنہ وہ شخص جانور کا خون بہانے کا قصور وار تصوّر کیا جائے گا۔اس کو اپنے لوگوں سے الگ کر دیا جائیگا۔
5 یہ شریعت اس لئے ہے کہ لوگ اپنا ہمدردی کا نذرانہ خدا وند کو پیش کریں۔ اسرائیلیوں کو ان جانوروں کو جنہیں انہوں نے کھیت میں ذبح کیا خیمہٴ اجتماع کے دروازے پر کاہنوں کے پاس لانا چاہئے اور انہیں امن و امان کے نذ رانے کے طور پر خدا وند کو پیش کرنا چاہئے۔
6 تب کاہن کو ان جانوروں کے خون کو خیمہٴ اجتماع کے دروازے پر خدا وند کی قربان گاہ پر اُنڈیلنا چاہئے۔ اور اس لئے وہ ان جانوروں کی چربی کو قربان گاہ پر خدا وند کو خوش کرنے والی خوشبو کے طور پر پیش کر سکتا ہے۔
7 انہیں آئندہ کبھی ان، بکرے کے مورتیوں ، کی جن پر توکّل کر تے ہیں قربانی نہیں کرنی چاہئے۔ جن کے پیچھے وہ لوگ طوائفوں کی طرح بھاگتے ہیں۔ یہ اصول ہمیشہ انکی نسل در نسل رہے گا۔
8 “لوگوں سے کہو : اسرائیل کا کوئی شہری یا کوئی غیر ملکی جو تم لوگوں کے درمیان رہتا ہے جلانے کی قربانی یا کوئی دوسری قربانی پیش کرتا ہے ،
9 اور خیمہٴ اجتماع کے دروازہ پر لے جاکر خدا وند کو پیش کرتا ہے تو اسے اس کے لوگوں میں سے الگ کر دیا جائے گا۔
10 “میں (خدا ) ہر ایسے شخص کے خلاف ہوں گا۔جو خون کھا تا ہے چاہے وہ اسرائیل کا شہری ہو یا وہ تمہارے درمیان رہنے والا کوئی غیر ملکی ہو۔ میں اس شخص کو اس کے لوگوں سے الگ کر دونگا۔
11 کیوں کہ جانداروں کی زندگی کے لئے خون ضروری ہے۔ میں نے تم سے کہا ہے کہ اپنا کفّارہ ادا کر نے کے لئے اسے قربان گاہ پر چھڑکنے کے اصول کا پالن کرو۔ یہ زندگی دینے والا خون ہے جو کفّارہ دیتا ہے۔
12 اس لئے میں نے بنی اسرائیلیوں سے کہا کہ نہ تو تم لوگوں میں سے کسی کو اور نہ ہی تمہارے درمیان رہنے والے کسی غیر ملکی کو خون کبھی کھا نا چاہئے۔
13 اگر کوئی آدمی کسی جنگلی جانور یا چڑیا کا جسے کہ کھا یا جاسکتا ہے شکار کرتا ہے اور اسے ذبح کر تا ہے ، تو اُس آدمی کو خون زمین پر بہا دینا چاہئے اور مٹی سے اُسے ڈھک دینا چاہئے۔ چاہے وہ آدمی اسرائیل کا شہری ہو یا تمہارے درمیان رہنے والا غیر مُلکی۔
14 تمہیں یہ کیوں کرنا چاہئے ؟ کیوں کہ اگر خون اب بھی گوشت میں ہے تو اس جانور کی جان اب تک گوشت میں ہے۔ اِس لئے میں بنی اسرائیلوں کو حکم دیتا ہوں اُس گوشت کو مت کھاؤ جس میں خون ہو۔ کوئی بھی آدمی جو خون کھا تا ہے اسے اپنے لوگوں سے الگ کر دیا جائے گا۔
15 “اگر کوئی شخص خود سے مرے ہوئے جانور یا کسی دوسرے جانور کے ذریعہ مارے گئے جانور کو کھا تا ہے ، چاہے وہ شخص اسرائیلی ہو یا ان لوگوں کے درمیان رہنے والا غیر ملکی ،اس طرح کے آدمی کو اپنے کپڑوں اور اپنے پورے جسم کو پانی سے دھونا چاہئے تب وہ شام تک نا پاک رہے گا۔ تب وہ پاک ہوگا۔
16 اگر کوئی آدمی اپنے کپڑوں کو نہیں دھو تا اور نہ ہی نہاتا ہے تو وہ گناہ کر نے کا قصور وار ہوگا۔ ”