10
1 موسم بہار میں بارش کے لئے خدا وند سے دعا کرو۔
خدا وند جو بجلی چمکا تا ہے بارش بھی بھیجے گا اور ہر شخص کے کھیت میں پودے اگائے گا۔
2 وہ جو اہل خانہ کے دیوتاؤں کی طرف مڑ جاتا ہے بیکار کا مشو رہ حاصل کرتا ہے۔ غیب داں جھوٹی پیشین گوئی کرتا ہے۔ جھو ٹا نبی جھوٹی رویا دیکھتا ہے۔ وہ بالکل ہی تسلی نہیں لاتا ہے۔ اس لئے لوگ بھیڑ کی مانند بھٹک جاتے ہیں۔ وہ ایسا جھیلتے ہیں جیسے انکا چرواہا نہیں ہے۔
3 خدا وند کہتا ہے، “میرا غضب چرواہوں پر ہے میں پیشواؤں کو سزا دوں گا کیوں کہ خدا وند قادر مطلق اپنے بھیڑوں کے جھنڈ کا خیال رکھتا ہے جو کہ یہوداہ کے لوگ ہیں۔” وہ ان لوگوں سے ویسا ہی سلوک کرتے ہیں جتنا کہ ایک جنگجو اپنے لڑائی کے گھوڑے کا خیال رکھتے ہیں۔
4 “کونے کا پتھر، ڈیرے کی کھونٹی، جنگی کمان اور آگے بڑھتے سپا ہی سبھی یہوداہ سے ایک ساتھ آئیں گے۔
5 وہ اپنے دشمنوں کو شکست دیں گے، یہ کیچڑ میں سڑکو ں پر آگے بڑھتے سپا ہی جیسے ہونگے۔ وہ لڑیں گے اور خدا وند انکے ساتھ ہوگا۔ اس لئے وہ دشمن کي سواریوں کو بھی ہرائیں گے۔
6 میں یہوداہ کے خاندان کو بہت زور آور بناؤں گا۔ میں یوسف کے خاندان کو جنگ میں کامراں کروں گا۔ میں ان کو پھر سے گھر دونگا کیوں کہ میں ان پر رحم رکھتا ہوں۔ وہ ایسے ہوں گے گویا میں نے ان کو کبھی ترک نہیں کیا تھا۔ میں خدا وند انکا خدا ہوں، میں انکی دعاؤں کا جواب دوں گا۔
7 بنی افرائیم جنگجو کی مانند ہوں گے اور ایسے شادماں ہونگے جیسے وہ لوگ جنہیں پینے کے لئے بہت زیادہ مل گیا ہو۔ انکے بچے بھی بہت خوش ہوں گے۔ وہ لوگ بہت خوش ہونگے جب وہ خدا وند کی عبادت کریں گے۔
8 “میں سیٹی بجا کر سبھی کو ایک ساتھ بلاؤں گا۔ میں ان لوگوں کو آزاد کردیا ہوں اور وہ تعداد میں بہت ہوجائیں گے جیسے وہ پہلے تھے۔
9 ہاں! میں سبھی قوموں میں اپنے لوگوں کو بکھیر رہا ہوں۔ لیکن ان ملکوں میں وہ مجھے یاد کریں گے۔ وہ اور انکی اولاد زندہ رہے گی اور وہ واپس آئیں گے۔
10 میں انہیں مصر اور اسور سے واپس لاؤنگا۔ وہ جلعاد اور لبنان تک پہنچتے رہیں گے اس وقت تک جب وہاں اور جگہ کی گنجائش نہیں ہوگی۔”
11 اور وہ مصیبت کے سمندر سے گزر جائے گا اور اسکی لہروں کو قابو میں لائے گا۔ اور دریائے نیل تہہ تک سوکھ جائے گا۔ خدا وند اسور کے تکبّر اور مصر کی حکومت کا خاتمہ کردیگا۔
12 خدا وند اپنے لوگوں کو طاقتور بنائے گا اور اسکا نام لیکر ادھر اُدھر چلیں گے۔ یہ سب خدا وند فرماتا ہے۔