10
1 تب ہارون کے بیٹے ناداب اور ابیہو ، ان میں سے ہر ایک نے لوبان جلانے کے لئے اپنے اپنے برتن لئے۔ انہوں نے آ گ سے لوبان کو جلایا۔ انہوں نے غیر ملکی آ گ کا استعمال کیا جس کا موسیٰ نے استعمال کرنے کا حکم نہیں دیا تھا۔
2 اس لئے خدا وند سے آ گ آئی اور اس نے ناداب اور ابیہو کو تباہ کر دیا اس طرح وہ خدا وند کے سامنے مرے۔
3 تب موسیٰ نے ہارون سے کہا ،“خدا وند کہتا ہے ، ’ ان میں سے جو میرے نزدیک آئے میں خود کو مقدّس دکھا ؤنگا۔ اور سب لوگوں کے سامنے میری تعظیم کی جائے گی۔ ” اس لئے ہارون اپنے مرے ہوئے بیٹوں کے سامنے خاموش رہا۔
4 ہارون کے چچا عُزّیل کے دو بیٹے تھے وہ میسائیل اور الصفن تھے۔ موسیٰ نے ان دونوں کو بلاکر کہا ، “اپنے بھائیوں کی لاشوں کو جو کہ مقدس جگہ کے سامنے ہے اٹھاؤ اور اسے چھاؤنی سے باہر لے جاؤ۔ ”
5 اس لئے میسائیل اور الصفن موسیٰ کا حکم بجالائے۔ وہ گئے اور ناداب اور ابیہو کی لاشوں کو چھاؤنی سے باہر لائے۔ اس وقت تک ناداب اور ابیہو مخصوص لباس پہنے ہوئے تھے۔
6 اور موسیٰ نے ہارون کے دوسرے بیٹوں الیعزر اور اتامر سے کہا ، “اپنے کپڑوں کو پھاڑ کر یا اپنے بالوں کو کھلا چھوڑ کر غم کو ظا ہر نہ کرو۔ ورنہ تم مر جاؤ گے۔ اور خدا وند سارے لوگوں سے ناراض ہو جائے گا۔ سارا اسرائیلی ملک تم لوگوں سے جڑا ہوا ہے۔ وہ لوگ ماتم کریں گے کیوں کہ خدا وند نے ناداب اور ابیہوکو جلا ڈا لا۔
7 لیکن تم لوگوں کو خیمہٴ اجتماع کے دروازے کو نہیں چھوڑنا چاہئے ورنہ تم لوگ مر جاؤ گے۔ کیوں کہ مسح کر نے کا تیل تم لوگوں پر ہے۔ ” ہارون ، الیعزر اور اتامر موسیٰ کا حکم بجا لائے۔
8 تب خدا وند نے ہارون سے کہا ،
9 “تمہیں اور تمہارے بیٹوں کو خیمہٴ اجتماع میں آنے سے پہلے مئے یا شراب نہیں پینا چاہئے۔ اگر تم ایسا کرو گے تو مر جاؤ گے یہ شریعت تمہاری ساری نسلوں میں ہمیشہ جاری رہے گی۔
10 تمہیں جو چیزیں مقدس ہیں اور جو مقدس نہیں ہیں جو پاک ہیں اور جو پاک نہیں ہیں ان میں فرق کرنا چاہئے۔
11 تمہیں ان شریعت کے بارے میں لوگوں کو سکھانا چاہئے جسے خدا وند نے موسیٰ کو دیا۔ اور اسی طرح اس نے اسے لوگوں کو دیا تھا۔ ”
12 موسیٰ نے ہارون اور اس کے بچے ہو ئے دونوں بیٹوں ، الیعزر اور اتامر سے بات کی اور کہا ،“اناج کی قربانی کا وہ حصہ جو ان قربانیوں میں سے بچی ہے جو آ گ میں جلائی گئی تھی۔ اس قربانی کے حصّے کو لے اور کھا ، لیکن تمہیں اسے بغیر خمیر کے کھانا چاہئے اسے قربان گاہ کے پاس کھانا چاہئے ، کیوں کہ یہ قربانی سب سے مقدس ہے۔
13 وہ اس قربانی کا حصہ ہے جو خدا وند کے لئے آ گ میں جلائی گئی تھی۔ اور جو اصول میں نے تم کو بتایا وہ سکھا تا ہے کہ وہ حصّہ تمہارا اور تمہارے بیٹوں کا ہے لیکن تمہیں اسے مقدس جگہ پر ہی کھانا چاہئے۔
14 “تم ، تمہارے بیٹے اور تمہاری بیٹیاں لہرانے کی قربانی کا سینہ اور ہمدردی کی قربانی سے ران کو کھا سکتے ہیں۔ انہیں تمہیں صاف جگہ پر ہی کھا نا چاہئے۔ یہ اسرائیل کے بچّوں کی ہمدردی کی نذرانوں میں سے تم اور تمہارے بچّوں کے لئے تمہارے حصّے ہیں۔
15 لوگوں کو چربی تحفے کی طرح لانی چاہئے۔ انہیں ہمدردی کی قربانی کی ران اور لہرانے کی قربانی کا سینہ بھی لانا چاہئے اور اسے خدا وند کے سامنے اٹھانا چاہئے۔ یہ قربانی کا حصہ تمہارا اور تمہارے بچّوں کا ہو جائے گا۔ خدا وند کے حکم کے مطابق قربانی کا وہ حصہ ہمیشہ کے لئے تمہارا ہوگا۔ “
16 موسیٰ نے گناہ کی قربانی کے بکرے کے متعلق پوچھا ، جسے کہ پہلے ہی جلا دیا گیا تھا۔ موسیٰ ہارون کے بیٹوں ، الیعزر اور اتامر پر بہت غصہ ہوا اور کہا ،
17 “تم لوگوں نے گناہ کی قربانی کو مقدس جگہ پر کیوں نہیں کھا یا۔ وہ سب سے مقدس تھا اور خدا وند نے یہ تمہیں جماعت کے گناہوں کی ذمہ داری ، خدا وند کے سامنے ان لوگوں کا کفارہ ادا کر نے کے لئے دیا تھا۔
18 دیکھو تم اس بکرے کا خون مقدس جگہ کے اندر نہیں لائے۔ تمہیں اس بکرے کو مقدس جگہ پر کھانا چاہئے تھا جیسا کہ میں نے حکم دیا ہے۔ ”
19 لیکن ہارون نے موسیٰ سے کہا ، “سنو! آج وہ اپنی گناہ کی قربانی اور جلانے کی قربانی خدا وند کے سامنے لائے۔ میرے ساتھ بھی ایسا ہی واقعہ ہو چکا ہے۔ کیا تم یہ سمجھتے ہو کہ اگر میں گناہ کی قربانی آ ج کے دن کھا یا ہوتا تو کیا خدا وند خوش ہوتا ؟ ” نہیں!”
20 جب موسیٰ نے یہ سُنا تو وہ متفق ہو گئے۔